کہیں دور سے
دھول اڑ رہی ہے
اور ہوائیں خود بخود
جگہ کا تعین کر رہی ہیں
ایک انجان سمت کی طرف بڑھ رہی ہیں
جذبات کے سمندر میں جیسے
کوئی کشتی
کسی ناخدا کے بغیر
بہت تیزی سے
فاصلہ طے کر رہی ہے
میری آنکھوں کے سامنے
آگ کا ابلتا ساگر
میرے آنسوئوں کے ڈر سے
ریت سے بجھایا جا رہا ہے
اور ایسا محسوس ہو رہا ہے
کہ
کوئی میرے پرانے بکس کے
بہت خاص
پوشیدہ حصؔے سے
میری محبوبہ کی پھپھندی لگی
تصویر چرا رہا ہے
شاید
کسی صاحبِ ذوق کا
غائبانہ نمازِ جنازہ پڑھایا جا رہا ہے ۔ ۔ ۔
سّید حارث احمد